لندن: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے میاں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرنے سے ثابت ہوگیا حکومت سیاسی انتقام، حسد، بغض، تکبر اور ضد میں اندھی ہوچکی ہے۔
نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرنے کے بعد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا حکومت سیاسی انتقام، حسد، بغض، تکبر اور ضد میں اندھی ہوچکی ہے، تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کو زندہ رہنے کے حق سے محروم کیاجارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو ساتویں جوہری قوت بنایا، سابق وزیراعظم کے خلاف انتقامی اقدام تاریخ میں سیاہ باب ہے، انکے علاج پرسمجھوتہ نہیں کریں گے، علاج جاری رکھیں گے، نوازشریف کے علاج کے اہم مرحلے پر رکاوٹ ڈالنا اقدام قتل کے مترادف ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا فیصلہ حکمرانوں کی کم ظرفی اور سیاسی انتقام کا ثبوت ہے، پنجاب حکومت نے نوازشریف کے بیرون ملک علاج کیلئے ڈاکٹرزکی رپورٹ پردستخط کئے، آج پنجاب حکومت نے سیاسی انتقام کی بناءپر اپنے ہی فیصلے کے خلاف فیصلہ دیا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا یہ جھوٹ قابل مذمت ہے کہ نوازشریف کا علاج یہاں ممکن تھا، حکمرانوں کی کم ظرفی، کم ذہنی اور چھوٹے پن کا احساس تھا اس لئے عدالت گئے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے گیس بحران کے خاتمے جبکہ احسن اقبال نے سی پیک سے لے کر پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کو سنوارنے اور بنانے میں اہم کرداراداکیا۔ انہیں رہائی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم اور شکر ہے کہ قابل، پاکستان سے مخلص شخص اور بے گناہ قیدیوں کو آج انصاف ملا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک سے گیس کی قلت اور بحران کے خاتمے میں تاریخی کردار ادا کیا، احسن اقبال نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے لے کر پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کو سنوارنے اور بنانے میں اہم کرداراداکیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قابل فخر بیٹوں کو ضمانت ملنے پر مبارکباد دیتا ہوں، دعا ہے کہ دیگر بے گناہ اور پاکستان کی خدمت کے جرم میں سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے اسیر بھی جلد رہائی پائیں۔