لاہور: (دنیا نیوز) حکومتی کمیٹی نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی موصول شدہ حالیہ رپورٹس کو میڈیکل بورڈ کو بھجوانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے تین روز میں سفارشات بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی سربراہی حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اجلاس میں عطاء اللہ تارڑ اور نواز شریف کے ڈاکٹر سکائپ پر موجود رہے۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹس پر ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: میاں نواز شریف کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی، لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ
ادھر مسلم لیگ نواز کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے نواز شریف کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی، ان کے سات میں سے دو سٹنٹ کام کرنا چھوڑ گئے ہیں۔ ضروری ہے کہ سابق وزیراعظم کا پہلے دل کا علاج کرایا جائے۔
پنجاب سول سیکرٹیریٹ میں میاں نواز شریف کی درخواست ضمانت کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی موجودہ صحت کی صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔ دیگر امراض کے علاج سے پہلے انتہائی ضروری ہے کہ ان کا دل درست حالت میں ہو۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی حالیہ میڈٰیکل رپورٹس کے مطابق ان کے 2 سٹنٹس کام نہیں کر رہے۔ ہم نے اس سلسلے میں کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دے دی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے گردے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہم نے ان کے طبی معالج ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کی رپورٹس کمیٹی کو جمع کروا دی ہیں۔ پلیٹ لیٹس اور دیگر امراض کا علاج بعد میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہبورڈ نے بریفنگ لے لی ہے، ہم مثبت جواب کیلئے پرامید ہیں۔ ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کے مطابق جب تک علاج مکمل نہیں ہوگا، نواز شریف وطن واپس نہیں آ سکیں گے۔