پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی

Last Updated On 25 February,2020 05:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ سابق وزیراعظم مطلوبہ میڈیکل رپورٹس بورڈ اور کمیٹی کو پیش نہ کرسکے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع سمیت 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کیلئے خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، نواز شریف مطلوبہ رپورٹس بورڈ اور کمیٹی کو پیش نہ کر سکے۔

پنجاب کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ صوبائی وزراء راجہ بشارت اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں 11 فروری کو خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔ 19، 20 اور 21 فروری کو کمیٹی کے یکے بعد دیگرے تین اجلاس ہوئے۔ 21 فروری کو مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ پیش ہوئے اور ڈاکٹر عدنان سکائپ پر شریک ہوئے۔

نواز شریف کے نمائندوں نے نئی تصدیق شدہ رپورٹس کے بجائے پرانی رپورٹس کو حتمی قرار دینے پر اصرار کیا، میڈیکل بورڈ اور خصوصی کمیٹی کی طرف سے بارہا یاد دہانی کے باوجود مطلوبہ رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں۔ خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی، پنجاب کابینہ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت میں توسیع کو اتفاق رائے سے مسترد کر دیا۔