اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی نا اہلی کے باعث ملک میں پٹرولیم بحران سر اٹھانے لگا، پیٹرولیم ڈویژن نے ازخود تیل بحران کی راہ ہموار کر دی۔ پیٹرولیم ڈویژن نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئل اینڈ گیس ریگولٹری اتھارٹی کو خط لکھ دیا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے یکم جولائی سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کر دیا، یکم جولائی سے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کا خدشہ ہے۔ پٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ اوگرا ریگولیٹر ہونے کی وجہ سے کمپنیوں کے لیے ہدایات جاری کرے، اوگرا ملک میں تیل کا بحران پیدا ہونے سے روکنے کے لئے اقدامات کرے۔
دستاویز کے مطابق کمپنیوں کو مقررہ مقدار میں تیل کا ذخیرہ رکھنے کا پابند بنایا جائے، کمپنیوں کے ڈپوز ٹرمینلز ریٹیل آوٹ لیٹس میں ذخائر کا جائرہ لیا جائے، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ملک میں تیل کا 20 روز کا سٹاک یقینی بنائیں، اوگرا کمپنیوں کے آئل ڈپوز کی چیکنگ کے لئے ٹیمیں مقرر کرے۔