اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا ہے کہ ملک میں اگلے پندرہ دنوں کے لیے پٹرولیم مصنوعات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے، عوام ضرورت کے مطابق ہی پٹرولیم مصنوعات خریدیں۔
وزارت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں ترجمان وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ آئندہ پندرہ روز کے لیے 285 ہزار ملین ٹن پٹرول اور 350 ہزار ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل کا ذخیرہ ملک میں موجود ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کیماڑی اور پورٹ قاسم میں پی ایس او کے پیٹرولیم مصنوعات بردار 2 جہاز لنگر انداز ہیں جن میں بالترتیب 50 ہزار ملین ٹن پٹرول اور 55 ہزار ملین ٹن ڈیزل موجود ہے۔
ادھر پی ایس او حکام کا کہنا ہے کہ پی ایس او کے پاس پیٹرول کا 30 دن اور ڈیزل کا پندرہ دن کا اسٹاک موجود ہے اور کمپنی کی جانب سے ملک بھر میں فیول کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔