فیصل آباد میں مہنگائی سے شہری حواس باختہ، سبزیوں کے بعد دالوں کے ریٹ بھی چڑھ گئے

Last Updated On 15 June,2020 10:46 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں مہنگائی نے شہریوں کو حواس باختہ کر دیا۔ موسمی سبزیوں کے بعد دالیں بھی تیس سے پچاس روپے فی کلو مہنگی ہو گئیں۔ حکام سرکاری نرخ ناموں پر دالوں کی فروخت کے عمل کو بھی یقینی نہیں بنا سکے۔

کیا لیں کیا نہ لیں، جس چیز کو ہاتھ لگائیں، مہنگائی نے دانت تیز کررکھے ہیں۔ گوشت اور سبزیوں کے بعد اب دال کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافے نے سفید پوش طبقے پر بوجھ بڑھا دیا۔

فیصل آباد میں گزشتہ دو مہینوں میں دالوں کی قیمتوں میں 20 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔ مارکیٹ کمیٹی نے دال چنا 100 روپے کلو سے 105، دال ماش 180 سے 200، دال مسور 135 سے 150، دال مونگ کی قیمت 172 روپے سے بڑھاکر 235 روپے فی کلو مقرر کر دی۔

بڑھتی مہنگائی سے پریشان شہری کہتے ہیں سرکاری نرخوں سے بھی مہنگے داموں دالیں مارکیٹ سے ملتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی کہتے ہیں تاجروں کو پابند کیا گیا ہے کہ دکانوں کے باہر سرکاری نرخ نامے نمایاں آوایزاں کریں تاکہ سرکاری ریٹ پر صارف ضرورت کی اشیاء خرید سکیں۔

آئے روز دالوں کی بڑھتی قیمتوں کے ساتھ ساتھ آٹے اور چاول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی سے پستی عوام پربھاری پڑتا ہے۔