فیصل آباد: صنعتی مزدوروں نے بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے، میڈیکل سہولیات کی امیدیں لگا لیں

Last Updated On 07 June,2020 10:46 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) صنعتی شہر فیصل آباد کی انڈسٹریز سے وابستہ لاکھوں مزدور آئندہ پیش کئے جانے والے مالی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے، میڈیکل اور بچوں کی مفت تعلیم کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی امیدیں وابستہ کئے بیٹھے ہیں۔

پاکستان کا تیسر بڑا اور صنعتی شہر فیصل آباد جس میں 120 سے زائد سائزنگ انڈسٹری یونٹس، 3 لاکھ سے زائد پاور لومز ، 7ہزار سے زائد ایمبرائڈری یونٹس، 1500 سے زائد چھوٹے بڑے ٹیکسٹائل یونٹس، 800 سے زائد اینٹوں کے بھٹے اور دیگر صنعتی سیکٹرز موجود ہیں۔ جن سے لاکھوں مزدور کا روزگار وابستہ ہے۔ مزدور اور انکے اہلخانہ حکومت سے امید لگائے بیٹھے ہیں کہ آئندہ پیش کئے جانے والے مالی بجٹ میں صنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ ساتھ مزدوروں کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا تاکہ انکی زندگیاں بھی آسائشوں سے بھرپور ہوجائیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی کہتے ہیں کہ حکومتی احکامات کے مطابق مزدوروں کی کم از کم اجرت اور صحت کارڈ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

مزدوروں طبقے کا کہنا ہے کہ مالی بجٹ میں بجلی، گیس، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی اور اجرتوں میں اضافہ کرکے مزدورو کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کی جائے۔