فیصل آباد: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام

Last Updated On 06 May,2020 09:46 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ماہ صیام میں فیصل آباد شہر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مارکیٹوں میں پھلوں، سبزیوں اور اشیائے ضروریہ کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہو گئے ہیں، دکاندار لسٹیں آویزاں کر کے بھی منہ مانگے داموں اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔

رمضان المبارک میں فیصل آباد کی مارکیٹوں میں منافع خوری عروج پر پہنچ گئی، آلو کا سرکاری ریٹ 40 روپے ہے لیکن مارکیٹ میں 70 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز 32 کی بجائے 70، لہسن 220 روپے کی بجائے 250 جبکہ لیموں کی قیمت 370 روپے مقرر کی گئی جو 450 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، اسی طرح سیب کیلا، لوکاٹ، انار اور خربوزہ کی قیمتیں سرکاری ریٹ سے زیادہ ہیں۔

شہری کہتے ہیں ایک طرف بے روزگاری ہے تو دوسری طرف گراں فروشوں نے ناک میں دم کر رکھا ہے، منافع خور دکانداروں کی دیدہ دلیری ایسی کہ سرکاری لسٹیں آویزاں کرنے کی بجائے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کہتے ہیں ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والی دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ شہری کہتے ہیں کہ انتظامیہ کی کارروائیاں دعووں تک محدود ہیں، حکومت معاملے کا نوٹس لے تا کہ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کیا جا سکے۔