فیصل آباد: (دنیا نیوز) لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس کی پکڑ دھکڑ تیز ہوگئی، فیصل آباد کے تھانوں میں موٹرسائیکل اور گاڑیاں کھڑی کرنے کیلئے جگہ کم پڑ گئی، پولیس نے محکمہ تعلیم سے گاڑیاں بند کرنے کیلئے سرکاری سکول مانگ لیے۔
فیصل آباد میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کی شامت آگئی،پولیس کے بر وقت ایکشن کے بعد ناکوں پر شہریوں کی پکڑ دھکڑ زیادہ ہونے سے تھانوں میں موٹرسائیکل اور گاڑیاں کھڑی کرنے کیلئے جگہ کم پڑگئی۔
پولیس نے محکمہ تعلیم سے گاڑیاں بند کرنے کیلئے سرکاری سکول مانگ لیے۔ محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے پولیس کو سکول موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پارک کرنے کے لیے دئیے ہیں۔
حکومت کی جانب سےموٹرسائیکل کی ڈبل سواری سمیت شہریوں کے بغیر ضرورت گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کی گئی۔
ایس ایس پی آپریشن علی رضا کہتے ہیں ضلعی انتظامیہ سے سکول لیے تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا تسلسل برقرار رہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سےلاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پکڑ دھکڑ کے بعد انہیں پارک کرنے کے لیے وسیع و عریض جگہ رکھنے والے 39 تعلیمی ادارے پولیس کے حوالے کر دیے گئے۔