کراچی: سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 2 دہشتگرد گرفتار

Last Updated On 17 April,2020 12:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے 2 اہم دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا، ملزمان عسکری و سول اداروں کے اہلکاروں، سیاسی، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیع اللہ عرف ارشد اور محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار کو گرفتار کیا۔ ملزمان کراچی میں عبداللہ دانش، نعیم عرف ماسٹر، عاصم کیپری، اسحاق بوبی، عطاء الرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر عرف بھائی جان کے ساتھ مل کر عسکری و سول اداروں کے اہلکاروں اور سیاسی، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

ملزمان کے ماسٹر مائنڈ عطاء الرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر منا عرف بھائی جان پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔ ملزمان دہشت گردوں کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل ہیں، گرفتار ملزمان کی گرفتار ی پر حکومت سندھ نے فی کس 50 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے، ملزمان کی نشاندہی پر دہشت گردی میں استعمال ہونے والا اسلحہ و ایمونیشن بھی بر آمد کر لیا گیا۔ سمیع اللہ نے 2015 میں اتحاد ٹاؤن میں فائرنگ کر کے 4 رینجرز اہلکاروں کو قتل کیا۔