اسلام آباد پولیس میں احتساب کا سلسلہ جاری، کرپشن، بدعنوانی پر 5 افسران اور اہلکار معطل

Last Updated On 13 April,2020 04:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں پولیس میں احتساب کا سلسلہ جاری ہے، کرپشن و بدعنوانی کی شکایات پر 5 افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پولیس حکام نے بر وقت ایکشن لیتے ہوئے 5 افسران اور اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے، عوامی شکایات پر 4 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بدل دیا گیا۔

ایس ایچ او کورال اشتیاق شاہ کو معطل کر کے ریسکیو 15 تبادلہ کر دیا، انسپکٹر ملک بشیر احمد ایس ایچ او کورال تعینات کر دیئے گئے ہیں، ایس ایچ او نیلور محمد حنیف کو معطل کر کے ریسکیو 15بھیج دیا گیا ہے۔

انسپکٹر ستار بیگ کو ایس ایچ او نیلور بنا دیا گیا، سب انسپکٹر سلمان شاہ سی آئی سے ایس ایچ او تھانہ شالیمار تعینات کیا گیا ہے۔ او ایس آئی آپریشنز محمد آصف کو معطل کردیا گیا۔

اے ایس آئی محمد عمران او ایس آئی آپریشنز تعینات کیا گیا ہے، تھانہ سبزی منڈی میں تعینات کانسٹیبل اسد کو معطل کردیا گیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سیّد کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں کرپشن کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو مثالی سزائیں دی جائیں گی۔