فیصل آباد میں حکومتی اجازت کے بعد کاروبار کھل گئے، کورونا کی احتیاطی تدابیر نظرانداز

Last Updated On 24 April,2020 09:54 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں حکومت کی اجازت کے بعد مخصوص کاروبار کھل تو گئے مگر کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر نظر انداز کی جا رہی ہیں، انتظامیہ نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات نہ ہونے کے برابر، حکومت نے تاجروں کو ایس او پی کے تحت کاروبار کھولنے کی اجازت دی، کاروبار والی جگہ پر سینیٹائزر اور چہرے پر ماسک بھی ضروری قرار دیا گیا۔

خریداروں کے لیے فاصلے پر کھڑے ہونے کی ہدایات بھی دی گئیں لیکن شہر کی اہم مارکیٹس میں حفاظتی تدابیر کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ جس سے شہریوں میں خوف بڑھنے لگا ہے اور وہ پریشانی سے دوچار ہیں۔

اس معاملے پر ڈپٹی کمشنر محمد علی کا موقف ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کاروبار کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ایکشن لیا جا رہا ہے۔

حکومت نے مزید 4 ہفتوں تک کورونا کے پھیلاو بڑھنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے، اس لئے تاجروں کو چاہیے وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات پر عملدرآمد کریں تا کہ سب وبا سے محفوظ رہ سکیں۔