لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں کورونا وبا کے دوران عید الاضحی کیلئے مویشی منڈیوں کے قیام کی ابتدائی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ طبی ماہرین کی طرف سے منڈیوں کے قیام کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں پھر تیزی آنے کے خدشات پیدا ہوگئے۔
عید الاضحی پر مویشیوں کی خرید و فروخت کے لیے لاہور میں 13 مویشی منڈیوں کے قیام کا منصوبہ بنا لیا گیا۔ انتظامیہ کی طرف سے منڈیوں میں مویشیوں کی خرید و فروخت کے دوران کورونا ایس اوپیز پر عملد رآمد کی شنید بھی ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے مویشی منڈیوں پر تحفظات کا اظہار سامنے آرہا ہے۔لاہور میں مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو 15جولائی تک منڈیوں کے قیام کو یقینی بنائے گی تاہم طبی ماہرین کو خدشہ ہے کہ منڈیوں میں وسیع پیمانے پر شہریوں اور بیوپاریوں کی نقل و حرکت کے باعث کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد آسان نہیں ہوگا۔
کورونا وباء کی صورت حال میں مویشی منڈیوں کا قیام انتظامیہ کے لیے چیلنج کی صورت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔