اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، مسلسل پانچویں ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ہفتہ میں مہنگائی میں 0.98 فیصد اضافہ ہو گیا، ایک ہفتہ میں 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران چینی 2 روپے 14 پیسے مہنگی ہوئی، چینی کی قیمت 80.82 روپے سے بڑھ کر 82.96 روپے فی کلو ہو گئی۔ گزشتہ ہفتے چینی کی قیمت میں 24 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا تھا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں، فی کلو ٹماٹر 29 روپے مہنگا ہوا، ٹماٹر کی قیمت بڑھ کر 96 روپے 50 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیاز 4 روپے فی کلو مہنگا ہوا، 200 گرام سرخ مرچ 16 روپے مہنگی ہوئی، ایک ہفتہ میں انڈے فی درجن ساڑھے 4 روپے مہنگے ہوئے، چکن، بڑا گوشت، تازہ دودھ، چھوٹا گوشت، چاول گڑ، دال چنا بھی مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، دال مونگ 10 روپے سستی جبکہ کیلے فی درجن 5 روپے سستے ہوئے۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 6 روپے، ایل پی جی کا سلنڈر بھی 6 روپے سستا ہوا۔ دال ماش، لہسن، گھی بھی سستا ہوا۔ ایک ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔