فیصل آباد: محکمہ خوراک کی غفلت کے باعث آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا

Last Updated On 04 August,2020 09:34 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا جبکہ ناجائز منافع خورووں کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں بھی ہوشرُبا اضافہ کردیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی۔ کہیں مارکیٹوں میں آٹا ناپید تو کہیں اسکی من چاہی قیمتیں وصول کی جانے لگی ہیں۔ بلیک میں ملنے والے آٹے کے بیس کلو گرام تھیلے کی قیمت 1400روپے جبکہ گندم کی قیمت 2200 روپے فی من سے بھی تجاوز کرچکی ہے جس سے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی محال ہوگیا ہے۔

دوسری جانب سے کمشنر فیصل آباد عشرت علی نے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے یہ ذمہ داری بھی شہریوں کے کندھوں پر ڈال دی۔ کہتے ہیں کہ شہری نشاندہی کریں تو ہم کاروائی کریں گے۔

آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور انکی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کاروائیاں بھی بے سود ثابت ہورہی ہیں۔
 

Advertisement