خیبر پختونخوا: سستے بازاروں میں آٹے سمیت ضروری اشیاء نایاب، چینی کا معیار ناقص

Published On 25 October,2020 10:59 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سستا بازاروں میں عوام کو ریلیف نہ مل سکا، بازاروں میں آٹے سمیت دیگر ضروری اشیاء دستیاب نہیں، شہریوں نے اشیائے خورونوش کے معیار پر بھی سوالات اٹھا دیئے۔

پشاور میں انصاف سستا بازار کے انعقاد کے دعوے صرف دعوے ہی ثابت ہوئے، بازار میں سبزی کی دکانیں زیادہ اور خشک اشیائے خورونوش کی دکانیں نہ ہونے کے برابر ہیں، سستا بازار میں آٹا تو درکنار چینی بھی وافر اور اچھی کوالٹی کی دستیاب نہیں۔

بازار میں اچھی کوالٹی کے پھل اور سبزیاں موجود نہیں، دستیاب اشیائے خورونوش اور سبزیوں کے نرخ بھی اوپن مارکیٹ کے برابر ہیں، شہری کہتے ہیں سستا بازار عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، حکومت صحیج معنوں میں ریلیف دے۔

سستا بازار میں چینی 95 روپے فی کلو میں دستیاب ہے لیکن مارکیٹ کے مقابلے میں اس کا معیار بہتر نہیں، دکانداروں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ دکاندار کہتے ہیں کہ اشیاء مہنگی خریدیں گے تو سستی کس طرح فروخت کریں۔

پشاور میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے چار سستے بازار قائم کئے گئے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں بازاروں کے لئے 10 کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے ہیں۔
 

Advertisement