پشاور: مہنگائی میں‌ روز بروز اضافہ، انڈوں کی قیمت 200 روپے درجن تک پہنچ گئی

Published On 05 November,2020 09:11 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں انڈوں اور چکن کی قیمت کو پر لگ گئے، فی درجن انڈوں کی قیمت 180 سے 200 روپے تک پہنچ گئی، دیسی انڈے 300 روپے فی درجن میں فروخت ہونے لگے، پہلے ہی سے مہنگائی کے مارے عوام پریشان ہو گئے۔

پشاور میں انڈوں کی قیمت میں اضافہ، 200 روپے درجن تک فروخت ہونے لگے، دیسی انڈوں کی قیمت 300 روپے درجن تک جا پہنچی۔ کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہونے سے قوت خرید سے باہر ہو گئیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو لگام نہ ڈالی جاسکی، دیگر اشیائے خور و نوش کے بعد روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، انڈے فی درجن پہلی بار 180 سے 200 روپے میں فروخت ہونے لگے۔

دیسی مرغی کے انڈے ٹرپل سنچری کرکے 300 روپے میں فروخت ہونے لگے ہیں، قیمتوں میں رواں ماہ کے دوران 20 سے 30 روپے تک اضافہ ہوا ہے، شہری کہتے ہیں روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب انڈے اور چکن کی قیمتوں میں اچانک اضافے سے متعلق دکان داروں کا کہنا ہے کہ زیادہ ترمال پنجاب سےمنگوایا جاتا ہے جس کے باعث قیمتیں بڑھی ہیں، فیڈ بھی مہنگی ہونے سے مشکلات ہیں۔

صرف انڈے ہی نہیں مرغی کی قیمت میں بھی دن گزرتے ہی اضافہ ہورہا ہے، مارکیٹ میں 191 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔