پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا۔ ڈاکٹر سلطان زیب کئی دنوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے علیل تھے۔
ڈاکٹر سلطان پشاور کے خیبر کالج آف ڈینٹسٹری میں ایسوسی ایٹ ڈین آف ریسرچ تھے۔ کورونا مثبت آنے کے بعد انہیں حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے شہید ہونے والے ڈاکٹرز کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کورونا سے متاثرہ ڈاکٹر سلطان زیب کی شہادت پر غم کا اظہار کیا۔ ان کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران ڈاکٹرز کی خدمات قابل ستائش ہیں، شہری کورونا وباء سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں۔
ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے تا حال کسی شہید ڈاکٹر یا ہیلتھ ورکرز کیلئے منظور شدہ شہدا پیکیج نہیں دیا گیا، نہ ہی ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو کورونا الاونس دیا گیا ہے۔
ادھر این سی او سی نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے شہریوں سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا شہری جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں فوری آگاہ کریں، ماسک نہ پہننے، سماجی فاصلے، پر ہجوم مقام پر خلاف ورزی کی تصویر بھیجیں۔
اسد عمر نے خلاف ورزی کی صورت میں شکایت کیلئے موبائل نمبر بھی جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا شہری ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تصویر 3336262۔0335 پر بھیجیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 806 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 807 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 4 ہزار 16، سندھ میں ایک لاکھ 45 ہزار 475، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار 458، بلوچستان میں 15 ہزار 896، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 248، اسلام آباد میں 19 ہزار 818 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 82 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 44 لاکھ 31 ہزار 225 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 688 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 14 ہزار 66 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 669 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 11 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 806 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 357، سندھ میں 2 ہزار 625، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 276، اسلام آباد میں 217، بلوچستان میں 149، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 90 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔