پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ

Published On 21 August,2025 10:25 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت صحت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پی ایم اینڈ ڈی سی کا دورہ کیا اور نئے تیار کردہ ایم ڈی کیٹ کے سوالات بینک کا افتتاح کیا، اس موقع پر ایم ڈی کیٹ 2025 کی جاری تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آئندہ ایم ڈی کیٹ کی تیاریوں میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے، انہوں نے یونیورسٹیوں کو ذمہ داری سونپنے، ہر مرحلے پر شفافیت اور جوابدہی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے سوالیہ بینک سے غلطیوں کو کم کرنے اور انصاف پسندی کو بڑھانے میں مدد ملے گی، پی ایم اینڈ ڈی سی کو کم سے کم انسانی عمل دخل کا حامل بنا کر مکمل ڈیجیٹل کیا جائے گا، اقدام کا مقصد میرٹ، شفافیت اور سروس ڈلیوری میں انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھ رہے ہیں جہاں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی ہی ترجیح ہوگی۔

وفاقی وزیر صحت نے آن لائن رجسٹریشن اور مانیٹرنگ پورٹل کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے تمام صوبوں کے متفقہ نصاب پر مبنی ایک جامع سوالیہ بینک کی تشکیل کو سراہا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان کا تعلیمی نظام دیگر ممالک کے مقابلے میں بہترین ہے۔