خیبرپختونخوا کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا فیصلہ

Published On 21 August,2025 10:10 am

پشاور: (عامر جمیل) خیبرپختونخوا حکومت نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز (ایم ٹی آئی) کے قوانین میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

مجوزہ ترامیم کے تحت نہ صرف ایم ٹی آئی ایکٹ میں تبدیلیاں کی جائیں گی بلکہ ان ہسپتالوں کے آڈٹ کا عمل بھی اگلے ماہ سے شروع ہو گا۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 72 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کو ایم ٹی آئی ایکٹ سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بھی ایم ٹی آئی ہسپتالوں کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ ترامیم کے تحت محکمہ صحت کو ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے مالی امور میں مداخلت کا اختیار ملے گا جبکہ انتظامی فیصلوں کے لیے بھی ان اداروں کو محکمہ صحت سے پیشگی اجازت لینا ہو گی۔

محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے واضح کیا ہے کہ اصلاحات کا مقصد ہسپتالوں کے مالی و انتظامی نظام کو شفاف بنانا اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔