اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ ہو گیا ہے۔
ذرائع قومی ادارہ صحت کے مطابق 42 سالہ مریض کا تعلق ضلع اٹک سے ہے، جو 15 اگست کو دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، ایئرپورٹ پر موجود بی ایچ ایس عملے نے مسافر میں منکی پاکس کی علامات کی تصدیق کی، جس کے بعد اسے فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 اگست کو قومی ادارہ صحت نے مریض میں منکی پاکس کی باضابطہ تصدیق کر دی۔
حکام کے مطابق مریض کو فی الحال اس کے گھر پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ منکی پاکس ایک وائرل بیماری ہے جو انسان سے انسان میں منتقل ہو سکتی ہے، اس لئے حکام کی جانب سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، خصوصاً ان افراد کو جو حالیہ دنوں میں بیرون ملک سے سفر کر کے واپس آئے ہیں۔