لاہور: (دنیا نیوز) لیڈی ایچیسن ہسپتال لاہور میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک شایان شان تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز تھے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیڈی ایچیسن ہسپتال لاہور ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے مہمان خصوصی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز و دیگر کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور یوم آزادی کا کیک کاٹا۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر اصغر نقی، پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر رانا سہیل، پروفیسر مہرالنساء، پروفیسر ڈاکٹر نادیہ خورشید، ڈاکٹر کاشف نصیر سمیت ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف، ایڈمنسٹریشن، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود آیاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم یومِ آزادی مناتے ہوئے ان قربانیوں کو یاد کر رہے ہیں جو ہمارے بزرگوں نے اس وطن کے لیے دیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف آپ اس دور کے حقیقی سپاہی ہیں جو دن رات انسانیت کی خدمت کر کے اس مقدس وطن کی حفاظت کر رہے ہیں، آپ کے سفید کوٹ اور نرسنگ کی وردی صرف پیشہ نہیں بلکہ خدمت، قربانی اور عہد کی علامت ہیں۔
ڈاکٹر محمود ایاز نے مزید کہا ہے کہ آئیے! آج ہم یہ وعدہ کریں کہ ایمانداری، محنت اور خلوص سے پاکستان کو صحت مند اور خوشحال بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، پاکستان ہمارا فخر، ہماری پہچان اور ہماری جان ہے۔
اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی جانب سے قومی ترانے اور ملی نغمے پیش کیے گئے جبکہ مریضوں اور اُن کے لواحقین میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔