یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، ملک بھر میں جشن کا سماں

Published On 10 August,2025 12:18 pm

لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں 14 اگست یومِ آزادی کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں، لاہور کی سج دھج نرالی ہے، گلیاں بازار قومی پرچموں ، جھنڈیوں سے سج گئے ہیں۔

یوم آزادی کے سلسلہ میں شہروں، قصبوں اور دیہات میں جگہ جگہ قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیاء کے سٹال لگ چکے ہیں جہاں شہری بڑی تعداد میں خریداری میں مصروف ہیں۔

سرکاری و نجی عمارتوں کو سبز و سفید روشنیوں سے سجایا جا رہا ہے جبکہ گلی کوچوں میں رنگ برنگی جھنڈیاں اور قومی پرچم لہرا رہے ہیں، شہریوں نے گھروں، دکانوں اور دفاتر کو برقی قمقموں، خوبصورت لائٹس، اور جھنڈیوں سے سجا کر جشن آزادی کی تیاریوں کو نیا رنگ دے دیا ہے۔

لاہور میں سرکاری سطح پر بھی یوم آزادی کی تقاریب کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، حضوری باغ ہو یا مینار پاکستان یا دوسرے عوامی تفریحی مقامات، ہر جگہ 14 اگست کے انتظامات کی جھلک نظر آنے لگی ہے۔

یوم آزادی کے سلسلہ میں شعراء اور ادبا بھی متحرک ہو چکے ہیں، مشاعروں کے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جامعات میں طلبہ بھی سرگرم ہو چکے ہیں، خاکے ، ڈرامے، کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی محض ایک دن نہیں بلکہ یہ قومی وحدت، قربانیوں کی یاد اور ملک سے محبت کا اظہار ہے، جسے ہر سال پورے جوش و خروش سے منانا ہمارا فخر ہے۔