لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشن آزادی کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔
79 ویں جشن آزادی کی تقریبات منانے کے دوسرے دن پنجاب میں تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر جشن آزادی کی رنگا رنگ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
جشن آزادی کے سلسلے میں پنجاب بھر میں قومی پرچموں کی بہارآ گئی، گلیاں، بازار، چوک چوراہے اور راستے خوبصورتی سے سجا دیئے گئے، گجرات، خانیوال، ساہیوال، خوشاب میں بھی جشن آزادی کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں، جبکہ جھنگ، وہاڑی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سرگودھا، چکوال میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
جہلم میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت اظہر کیانی نے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی، پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا، اظہر کیانی سمیت دیگر افراد نے جشن آزادی پر خاص طور پر تیار کردہ کئی میٹر طویل پرچم کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے کی خصوصی تقاریب کے انعقاد اور گھروں کو جھنڈیوں اور پرچموں سے سجانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، سکولوں میں بھی مختلف تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا، عوام کی بڑی تعداد جشن آزادی پر خوبصورت سجاوٹ دیکھنے سڑکوں پر نکل آئی، بچے جشن آزادی کی تقریبات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔