گورنر سندھ کا ارشد ندیم اور کوچ کیلئے تمغہ امتیاز، والدہ کیلئے ستارہ امتیاز کا اعلان

Published On 14 August,2024 10:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی دعوت پر اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے گورنر ہاؤس سندھ میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ارشد ندیم کا پرتپاک استقبال کیا، اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے گورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ قومی ہیرو ارشد ندیم اور ان کے کوچ کو تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آج ارشد ندیم نے 14 اگست کا مزہ دوگنا کر دیا، ارشد ندیم آج آپ کا عوامی استقبال ہے، فخر پاکستان اور شیر پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ارشد ندیم کی والدہ کیلئے ستارہ امتیاز کا اعلان کرتا ہوں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم کو آج سے ہم "شیر پاکستان" کا لقب دے رہے ہیں، اس موقع پر گورنر ہاؤس میں کراچی والوں نے "ارشد، ارشد" کے نعرے لگائے، اس موقع پر گورنر سندھ نے ارشد ندیم کیلئے 20 لاکھ روپے کا انعام کا اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا کہ میری طرف سے آپ سب کو جشن آزادی بہت بہت مبار ک ہو، آج کراچی میں عوام کا اتنا بڑا اجتماع دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ گورنر صاحب نے میرا پُرتپاک استقبال کیا، اتنا خوش ہوں کہ اگر ابھی جیولن مل جائے تو ورلڈ ریکارڈ بنا دوں۔

 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے