پشاور: (دنیانیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا ہے کہ اب سنجیدگی سے حکومت کو کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
عالمی چیمپئن ارشد ندیم کی گورنرہاؤس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات ہوئی ، گورنر خیبرپختونخوا نے ارشد ندیم کو مبارکباد دی ، گورنر نے ارشد ندیم کو شیلڈ پیش کی اور روایتی پگڑی بھی پہنائی۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج مختلف شعبوں کے لوگوں کو مدعو کیا ہے، اس صوبے نے بہت قربانیاں دی ہے ، پاک فوج ،پولیس اور عام شہری دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پوری قوم کی دعاؤں کی بدولت عالمی ریکارڈ قائم کیا : ارشد ندیم
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی قربانی آرمی پبلک سکول کے بچوں نے دی ہے، یہاں کے بچوں نے قیام امن کے لیے بہت بڑی قربانی دی ہے،ارشد ندیم نے جو کھیلا ہے وہ انفرادی تھا، صوبے کے نوجوانوں کو آگے لانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔
فیصل کریم نے کہا کہ ہماری سپورٹ سے یہ کھلاڑی ملک اور قوم کا نام روشن کرینگے۔
گورنر کے پی کاکہنا تھا کہ یوم آزادی تاریخی دن ہے اور آج ارشد ندیم ہمارے ساتھ ہے ، انفرادی طور پر سالوں بعد کوئی ایسا کھلاڑی پیدا ہوتا ہے، ہمیں کھیلوں کی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔