معرکہ حق سے سرشار قوم 79 واں یوم آزادی تاریخی انداز میں منائے گی: مریم اورنگزیب

Published On 10 August,2025 01:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر 79 ویں یوم آزادی کی تیاریاں قومی جوش و جذبے سے جاری ہیں۔

جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے اپنے بیان میں صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کی تقاریب کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، 14 اگست کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف معرکہ حق پارک اور میوزیم کی نقاب کشائی کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جشن آزادی مثالی انداز میں منانے کی ہدایت کی ہے، معرکہ حق کی فتح کے جذبے سے سرشار قوم 79 واں یوم آزادی بھی تاریخی انداز میں منائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اضلاع کے درمیان جشن آزادی پر خوبصورت چراغاں کرنے کا مقابلہ جاری ہے، آزادی فلوٹس کا بھی مقابلہ ہوگا، سب سے خوبصورت فلوٹ سجانے اور بہترین چراغاں پر انعام دینگے، سب سے زیادہ خوبصورتی سے سجائے گئے بازار کو بھی انعام ملے گا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ تحفظ آزادی کے احساس نے حصول آزادی کے جشن کو دوبالا کر دیا ہے، نوجوان اور بچوں کا جوش وجذبہ قابل تحسین ہے، تعلیمی ادارے اور شہری تنظیموں کی جشن آزادی سے متعلق سرگرمیوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے 14 اگست کی تیاریوں میں اشتراک عمل سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔