کراچی :(دنیا نیوز) پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان نے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
شہر قائد میں وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر پاکستان اور افغانستان کی اہم ملاقات کا انعقاد کیا گیا، ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان پولیو کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں رکن قومی اسمبلی اقبال محسود، رکن صوبائی اسمبلی فہیم پٹنی، اور افغانستان کے قونصل جنرل سید عبدالجبار تخاری نے شرکت کی۔
ملاقات کا بنیادی ایجنڈا پولیو کے مکمل خاتمے اور قطرے پلانے سے انکار کرنے والے کیسز کی مؤثر روک تھام تھا، قونصل جنرل سید عبدالجبار تخاری نے وزیرمصطفیٰ کمال کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا،دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو سراہتے ہوئے اسے صحت کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کی عمدہ مثال قرار دیا۔
شرکاء نے والدین کو بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کی ترغیب دینے کے لیے جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک مشترکہ حکمتِ عملی تیار کرنے اور سرحدی علاقوں میں پولیو وائرس کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔