اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے سفری سرگرمیوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات بالخصوص گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے باعث متعدد سڑکوں کو نقصان پہنچا، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شیوک میں سلتورو دریا کا پل متاثر ہونے سے راستہ بند ہے۔
الرٹ کے مطابق جگلوٹ سکردو روڈ پر آستک پل متاثر ہونے کے باعث ون وے ٹریفک جاری، دیان سے غذر اورشندور، خلتی، دین اور اشکومن روڈز بھی شدید متاثر، ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سکردو میں کارگل اور خرمنگ اور تھنگل نالہ سے شگر کے راستہ بھی مکمل بند ہیں، گلگت روڈ نلتر کے مقام پر متاثر ہونے سے ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔
الرٹ کے مطابق بحالی کے بعد گھانچے میں سرمو پل اور سکردو میں باغیچہ روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیئے گئے، ہنزہ میں گلمیت تاگوجال روڈ، گلگت میں جگلوٹ سے گرو روڈ اور استور میں چلم روڈز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سیاح شمالی علاقہ جات میں متاثرہ سڑکوں پر سفر سے گریز کریں، متبادل، غیر محفوظ راستوں پر سفر سے اجتناب کریں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
الرٹ کے مطابق سیاح قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو معلومات کی بر وقت فراہمی یقینی بنا رہا ہے تا کہ پیشگی تیاری کی جا سکے۔