خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کی مکمل تفصیل سامنے آگئی

Published On 20 August,2025 05:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ میں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 385 افراد جاں بحق، 182 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 299 مرد، 52 خواتین اور 34 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 145 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 1398 گھروں کو نقصان پہنچا، سیلاب اور بارشوں سے 1030 گھروں کو جزوی نقصان ہوا اور 368 گھر مکمل منہدم ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بونیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 228 اور صوابی میں 41 ہو گئی، یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ , دیر لویر اور بٹگرام، صوابی میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔