پی ڈی ایم اے کا پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری

Published On 20 August,2025 04:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے اضافے بارے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 اگست سے دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا، جس میں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال بارے الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیموں کو پیشگی حساس مقامات پر تعینات کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ موسلادھار بارش کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کریں، مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔