سیلاب متاثرین کو فوری امدادی رقم ادا کی جائے: علی امین گنڈا پور

Published On 19 August,2025 11:12 pm

صوابی:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سیلاب متاثرین کو فوری امدادی رقم ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

صوابی میں دورےکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پورکا کہنا تھا کہ بونیر، سوات، دیر سمیت مختلف اضلاع میں راستے بحال ہو گئے ہیں، یہ قدرتی آفت ہے، متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے، بارشوں سے340 افراد شہید ہوئے، شہادتوں کی تعداد 500 تک ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کےگھرگرےانہیں گھربنا کردیں گے، جو گھر پانی کے راستوں میں ان کو بھی محفوظ جگہوں پرمنتقل کریں گے، عدالتوں سے درخواست ہے کہ تجاوزات کرنے والوں کو اسٹے نہ دیا کرے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ تجاوزات کےخلاف بھرپورمہم جاری رکھیں گے، سرکاری ملازمین ایک دن کی تنخواہ دیں گے، مالی طورپرہمارا صوبہ مستحکم ہے، ہم نےمتاثرین کومعاوضہ دینا بھی شروع کردیا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے بروقت ریسکیو اور فوری رسپانس دینے پر متعلقہ محکموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے صوابی میں ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کے لیے ریلیف ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے محکمہ ریلیف اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو معاوضوں کی فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکیج کی رقم ڈبل کر دی ہے۔