عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے علی امین گنڈاپور کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

Published On 11 August,2025 12:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

بانی پی ٹی آئی اور علی امین گنڈاپور کی جانب سے درخواست دائر میں پنجاب حکومت، آئی جی جیل خانہ جات، جیل ہسپتال اور شوکت خانم ہسپتال کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے اور معمول کا طبی معائنہ ضروری ہے، جیل میں قید کے دوران عمران خان کا وزن کم ہوگیا اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی طبی ہسٹری شوکت خانم ہسپتال کے پاس موجود ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ شوکت خانم ہسپتال کی طبی ٹیم کو ماہانہ طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنہ اور ٹیسٹوں کیلئے بانی پی ٹی آئی تک رسائی کا حکم دیا جائے۔

دائر درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ ماہانہ طبی معائنہ اور ٹیسٹ رپورٹس کو عدالت میں جمع کرانے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی کو فراہم کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔