پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور اپوزیشن کے درمیان ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی، ملاقات میں بلا مقابلہ انتخاب پر کوئی اتفاق نہ ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب سینیٹ کی خالی نشست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اپوزیشن کے امیدواروں کے درمیان براہ راست مقابلہ ہو گا، اپوزیشن لیڈر کی جانب سے کوشش کی گئی کہ ن لیگ کی امیدوار صوبیہ شاہد کے حق میں دیگر امیدواروں کو دستبردار کرایا جائے تاہم یہ کوشش تاحال کامیاب نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق اگر دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار دستبردار ہو جاتے ہیں تو میدان پی ٹی آئی کی مشال یوسفزئی اور مسلم لیگ (ن) کی صوبیہ شاہد کے درمیان لگے گا، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اس وقت پی ٹی آئی کو عددی برتری حاصل ہے۔