پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے الیکٹرسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا معاملہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو خط لکھ دیا۔
سندھ کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کی وفاق کو الیکٹرسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کی مخالفت، مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری یا خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مشاورت کے بغیر فیصلہ غیر آئینی ہے۔
خط کے متن کے مطابق وفاقی حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے، ڈسکوز کے ذریعے الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی وصولی آئینی حق ہے، آئین کے آرٹیکل 157، 154 اور 268 کی خلاف ورزی کی گئی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خط میں کہا کہ پیسکو، ہیسکو، ٹیسکو صوبائی قانون کے پابند ہیں، الیکٹرسٹی ڈیوٹی بجلی بلوں کے ذریعے ہی وصول ہو سکتی ہے۔
خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاور ڈویژن کا فیصلہ یکطرفہ، غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے، وفاقی اقدام مرکز و صوبے میں تناؤ کا باعث بن سکتا ہے۔