پشاور: محکمہ صحت کے ہزاروں ملازمین کے سرکاری رہائش کے باوجود سفری الاؤنس لینے کا انکشاف

Published On 20 August,2025 10:56 am

پشاور: (عامر جمیل) محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے ہزاروں ملازمین کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ سرکاری رہائش یا ہاسٹل میں مقیم ہونے کے باوجود سفری الاؤنس حاصل کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 17-2026 میں اس معاملے کی نشاندہی کی گئی تھی تاہم سرکاری احکامات کے باوجود اب تک ہزاروں ملازمین کو سفری الاؤنس کی ادائیگی جاری ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے کے چند بڑے ہسپتالوں میں رہائش پذیر ملازمین سے ہی سفری الاؤنس کی کٹوتی کی جارہی ہے جبکہ باقی زیادہ تر ملازمین اب بھی یہ سہولت لے رہے ہیں۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری گھروں یا ہاسٹلز میں قیام پذیر تمام ملازمین کی فہرست مرتب کی جائے اور ان کا سفری الاؤنس فوری طور پر بند کیا جائے۔

کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ایسے ملازمین سے 2017 سے اب تک وصول کیا گیا سفری الاؤنس واپس ریکور کیا جائے۔