سوات:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرامورکشمیرامیرمقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال بڑا چیلنج ہے جس پر جلد قابو پا لیں گے۔
سوات میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ سیلاب سے خیبرپختونخوا، آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں نقصانات ہوئے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، سیلاب سےب ڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرسےمیں نےرابطہ کیا ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں ہے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تاکہ مشکل میں بھنسے شہریوں کی مدد کرسکیں۔
وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم کی ہدایت پرسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہا ہوں، امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینےوالےرضا کاروں کےجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، جو اس قدرتی آفات میں جاں بحق ہوچکے ہیں یہ رضا کار ان کی لاشیں نکالنے سمیت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ اِس قدرتی آفات میں نہ صرف مختلف علاقوں میں لوگوں کے گھر تباہ ہوئے، اِن کی فصلوں کو نقصان پہنچا اس کے علاوہ سیکڑوں لوگوں کے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں، حتی کے متاثرین مال وزر سے محروم ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اِس مشکل وقت میں کارروائیوں کی مکمل نگرانی کر رہے اور صورتحال کا مکمل جائزہ لے رہے ہیں ، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، آج بھی وزیراعظم ہاؤس میں اِن چیلنجز کے حوالے سے اجلاس ہوا ہے جس میں تازہ ترین صورتحال پر بحث ہوئی، انشااللہ! ہم اِس چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ میں یہاں عوام کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جو اِس مشکل وقت میں بھر پور تعاون کر رہے ہیں، ہمیں یہاں کے متاثرین کو ہر حال میں مصیبت سے باہر نکالنا ہے۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کوٹیلی کام سروسز کی بحالی کی ہدایت کی ہے تاکہ متاثرین کے اپنے پیاروں سے رابطے بحال ہوں اور بجلی کے حوالے سے بھی وزیر توانائی سے بات ہوئی ہے تاکہ جلد از جلد متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کی جا سکے۔