یوکوہاما:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جاپان سے صفائی اور ماحول کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی لیں گے۔
چابان کے شہر یوکوہاما میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، لوگوں کو گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولیات مل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں، مزید اچھی خبریں سننےکو ملیں گی، معیشت کی بہتری میں اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے، چند ماہ پہلے مہنگائی 38فیصد تھی، ن لیگ کی حکومت میں 3 فیصد تک آگئی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عنقریب پنجاب میں انفرااسٹرکچر جاپان کے معیار تک لے آئیں گے، پنجاب کے ہسپتالوں میں دوائیں ملنا شروع ہوگئی ہیں، آج پورے پاکستان سے لوگ پنجاب علاج کرانے آتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں دنیاکا سب سے بڑا صفائی کا منصوبہ ستھرا پنجاب شروع کیا ہے، پنجاب میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو نوکریاں دی ہیں تاکہ پنجاب صاف ہو، جاپان سے صفائی اور ماحول کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں بنا کر نواز شریف نے ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا، ساؤتھ ایشیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال نواز شریف کینسر ہسپتال بنا رہے ہیں، شہباز شریف صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک کام کرکے ملک کو مسائل سے نکال رہے ہیں، 5 سال میں 5 لاکھ گھر غریبوں کو بنا کر دیں گے، دسمبر تک ایک لاکھ گھر مکمل ہوجائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کی جائیدادوں پرقبضےہوتےہیں، جس نےاوورسیزپاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کیے انہیں پکڑیں گے، نوازشریف، شہبازشریف اور میں بھی دن رات محنت کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دسمبرتک ایک لاکھ گھربنانےکا ٹارگٹ پورا کرلیں گے، نوازشریف،شہبازشریف نےموٹرویز،اورنج،میٹروبس بنائی، لاہورمیں ٹرام بھی چلائیں گے، ہم نےپاکستان کی تاریخ کا سب سےبڑا ہونہارسکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان میں لوگ آزادی سےگھومتےہیں، یہاں کرائم ریٹ زیرو ہے، پنجاب میں پہلےدن دیہاڑے قتل،چوریاں ہوتی تھیں،صوبے میں کرائم سی سی ڈی کی وجہ سے70فیصد نیچےآیا ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ دسمبر تک پنجاب میں 1100 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر آجائیں گی جس کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا،50 ہزار سکالر شپس اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ مستحق بچوں کو دیں گے۔