مریم نواز آج جاپان کے شہر یاکو ہاما میں مصروف دن گزاریں گی

Published On 18 August,2025 09:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے دورہ جاپان کی سرکاری مصروفیات کا آغاز آج (18اگست) سے ہوگا۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف جاپانی حکومت کی دعوت پر 5 روزہ سرکاری دورہ کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف آج جاپان کے معروف شہر یاکو ہاما میں مصروف دن گزاریں گی، مصروفیات کا آغاز یاکو ہاما کے میئر ڈاکٹر ٹاکیہارو یاماناکا سے رسمی ملاقات سے ہوگا، یاکو ہاما کے میئر ڈاکٹر ٹاکیہارویاماناکا وزیراعلیٰ پنجاب اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔

مریم نوازشریف یاکو ہاما ریڈ بریک ویئر ہاؤس، جدید ترین کیبل کار یاکو ہاما ایئر کیبن اور یاکو ہاما کی واٹر اینڈ سیوریج فیسلٹی کا دورہ بھی کریں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات بھی کریں گی، بعدازاں مریم نواز شریف اور وفد کے اعزاز میں جاپان میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تھائی لینڈ سے جاپان پہنچیں، ہینڈا ایئرپورٹ ٹوکیو پہنچنے پر مریم نواز شریف کا پُرتپاک خیر مقدم کیا گیا، جاپان گورنمنٹ کے اعلیٰ افسران اور سفارتی حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کا خیر مقدم کیا، جاپان میں متعین پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے پنجاب کے وفد کو خوش آمدید کہا۔

جاپان میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی کثیر تعداد بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے استقبال کے لئے موجود تھی۔