لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 5 روزہ سرکاری دورے پر جاپان روانہ ہوگئیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر اعلیٰ حکام نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور وفد کو رخصت کیا، جس کے بعد وہ سرکاری طور پر جاپان کا دورہ کرنے والی پنجاب کی پہلی وزیراعلیٰ بن گئی ہیں، وفد میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ملک صہیب بھرتھ، ذیشان رفیق، ثانیہ عاشق اور اعلیٰ سرکاری افسران شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ کا یہ دورہ 15 اگست سے 20 اگست تک جاری رہے گا، جس دوران وہ جاپان کے اہم شہروں یوکوہاما، اوساکا اور ٹوکیو کا دورہ کریں گی۔
دورے کے دوران مریم نواز شریف کی جاپان کی بڑی کاروباری شخصیات، کمپنیوں اور حکام سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔
اس دورے کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور جاپان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔