100 الیکٹرک بسیں آج چین سے پاکستان روانہ ہو جائینگی: مریم نواز

Published On 12 August,2025 07:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ 100 الیکٹرک بسیں آج رات تک چین سے پاکستان کیلئے روانہ ہو جائیں گی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ چین کے یانٹائی بندرگاہ پر 100 مزید الیکٹرک بسوں کا بیڑا لوڈ کیا جا رہا ہے، جو توقع ہے کہ آج رات روانہ ہو جائے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ بسیں پنجاب کے اُن اضلاع کے لیے روانہ کی جا رہی ہیں جہاں پہلے پبلک ٹرانسپورٹ کا باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا، جن میں میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ، وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس سروس کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، یہ جدید اور ماحول دوست بسیں ایئر کنڈیشنڈ ہوں گی، ان میں وائی فائی کی سہولت موجود ہو گی اور مکمل طور پر خودکار ٹکٹنگ سسٹم سے لیس ہوں گی۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے لیے قابلِ رسائی ڈیزائن کے ساتھ یہ بسیں پنجاب کے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور باعزت سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔