لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن اور تعمیراتی معیار کو ہر صورت مد نظر رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی کی فراہمی، واٹر فلٹریشن پلانٹس، مثالی گاؤں پراجیکٹ اور دیگر ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مثالی گاؤں پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ اور پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
دور دراز علاقوں میں واٹر پمپ لگانے کی تجویز پر غور کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے حوالے سے 30 جون 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی اور بعض منصوبوں میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پنجاب کے ہر شہر میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، لاہور ڈویژن میں 51، راولپنڈی میں 64، فیصل آباد میں 37، ملتان میں 75، سرگودھا میں 45، گوجرانوالہ میں 64، ڈیرہ غازی خان میں 51، بہاولپور میں 61، گجرات میں 53 اور ساہیوال میں 49 بیوٹیفکیشن منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے لیے باقاعدہ سسٹم وضع کیا جائے گا جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن اور تعمیراتی معیار کو ہر صورت مد نظر رکھا جائے۔