شہدا ہمارا فخر، آج کا دن افواج پاکستان کے نام کرتے ہیں: مریم نواز

Published On 14 August,2025 06:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو سلام شہدا کے اہلخانہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

لاہور میں معرکہ حق مانومنٹ پارک کا افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ معرکہ حق کی وجہ سےرواں سال جشن آزادی کا الگ ہی جذبہ ہے، آج کا دن افواج پاکستان کےنام کرتے ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت کےخلاف تاریخی کامیابی پردنیا کے نقشے پرایک نیا پاکستان ابھر کر سامنے آیا ہے، اب غربت اورفتنہ فساد کے خلاف جنگ ہوگی اور ہم یہ جنگ ضرورجیتیں گے، پاکستان کومعاشی طورپربھی مضبوط بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 78 واں یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

مریم نوازنے کہا کہ ملکی خود مختاری اوردفاع کے لیے ہم سب سیسہ پلائی دیوار ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، فیلڈ مارشل کی لیڈرشپ میں پاکستان ایسی کامیابی سےہمکنارہوا کہ دنیا دیکھتی رہ گئی، دنیا ابھی تک سوچ رہی ہے کہ یہ کیا ہوگیا پاکستان نے رافیل طیارے مار گرائے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ جیتنےکے لیے صرف ہتھیاروں کی نہیں ایمان جیسا جذبہ بھی ضروری ہے، ایئرچیف کوبھی پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے، ایک جان ہوکر شاہینوں، سپاہیوں نے سیسہ پلائی دیوار قائم کی اور پاکستان کو تاریخی فتح دلوائی، دنیا جان گئی ہے، بنیان مرصوص کا مطلب، سیسہ پلائی دیوار کا مطلب کیا ہوتا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ سیاست دانوں کو کہتی ہوں سیاسی اختلافات بھلا کرملک کا سوچیں، عزم کریں، اپنے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، یہی جنگ اگرپاکستانی قوم تقسیم ہوکر لڑتی تویہ جنگ ہم کبھی نہ جیتتے۔