لاہور:(دنیا نیوز) سیالکوٹ کے اے ڈی سی آر اقبال سنگھیڑا سے اینٹی کرپشن نے تفتیش مکمل کرلی ، عدالت سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق اے ڈی سی آر اقبال سنگھیڑا کو یکم اگست کو گرفتار کیا، اقبال سنگھیڑا کو تین مرتبہ عدالت پیش کرکے 13روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا، جسمانی ملزم کے دوران اقبال سنگھیڑا کے قبضہ سے ایک لینڈ کروزر گاڑی نمبر ARE 054 برآمد جب کہ مدعی مقدمہ سے رشوت کی مد میں لی ہوئی گھڑی ROLEX برآمد کی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اخراجات کی مد میں لی گئی رقم اقبال سنگھیڑا سے مبلغ 14 لاکھ 70 ہزار روپے اور 2 عدد 5 مرلہ کمرشل پلاٹس کی اصل او پن فائلز برآمد کیں، رشوت مبلغ 3کھ 40 ہزار بر آمد کرلی۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ ملزم انتہائی ہوشیار اور چالاک ہے جو لیت و لعل اور حیلے بہانوں سے کام لے رہا ہے، اقبال سنگھیڑا سے مزید برآمدگی کی توقع نہیں ہے۔
اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے ملزم کو عدالت پیش کرکے استدعا کی ملزم جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوایا جائے جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 14 روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔