لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب، کے پی، بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال کے خدشہ کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، بٹگرام میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کا خطرہ بڑھ گیا، بنوں، لکی مروت، کرم ، باجوڑ کے برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان پیدا ہوگیا، مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہوگئیں، کراچی کے مضافات میں بارش ہوئی، سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی میں رم جھم ہوئی۔
دوڑ میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی، اوچ شریف اور سرائے عالمگیر میں موسلا دھار بارش ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، قلات میں بھی بادل برس پڑے، پنجاب میں ممکنہ طوفانی بارشیں ہونے کا امکان بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا، پی ڈی ایم اے، پنجاب انتظامیہ، پولیس، ریسکیو کو ضروری پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی، مریم نواز نے مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور کوہ سلیمان کے اضلاع میں خصوصی اقدامات کا حکم دے دیا۔
کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کی بھی ہدایت کردی۔