شانگلہ :(دنیا نیوز) پاک فوج کی انجینئر کور نے شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑک کو کھول دیا۔
پاک فوج کی انجینئرز کور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے، فیلڈ مارشل کی ہدایت کے مطابق ضلع شانگلہ اور بونیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور بچاؤ کے کاموں میں مدد کے لیے پاک فوج کی انجینئرز کور کو تعینات کیا گیا۔
پاک فوج کی انجینئرز کور نے شانگلہ کی بند سڑک کو بحال کردیا جب کہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر پاک فوج ڈگر میں قائم امدادی ریسکیو آپریشنز ہیڈ کوارٹر سے کارروائیوں کی نگرانی کررہی ہے۔
دوسری جانب بونیر میں بھی آرمی انجینئرز پلانٹ مشینری اور خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ بشنوئی، بٹائی، گوکند اور پیر بابا میں روڈ کلیئرنس اور ریکوری آپریشنز جاری ہے، شانگلہ میں، بھاری ساز و سامان کے ساتھ آرمی انجینئرز الپوری میں تعینات ہیں۔
علاوہ ازیں شانگلہ میں متعدد مقامات پر بلاک شدہ الوچ چکیسر روڈ کی کلیئرنس جاری ہے، پاک فوج متاثرہ آبادی کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں ثابت قدم ہے جو امدادی سرگرمیاں، رابطے کی مکمل بحالی اور معمول پر آنے تک ریسکیو آپریشن جاری رکھے گی، مقامی آبادی کی جانب سے پاک فوج بالخصوص انجینئر کور کی بے مثال خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔