سیلاب متاثرہ اضلاع میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، 2506 کیس رپورٹ

Published On 22 August,2025 09:13 pm

پشاور: (دنیا نیوز) محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریوں اور علاج سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق کے پی میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، بونیر سمیت 11 اضلاع میں ہیضہ کے 2 ہزار 506 کیسز رپورٹ ہوئے، مریضوں میں 116 خونی ہیضے والے مریض بھی شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق ایک ہزار 112 مریضوں کا علاج کیا گیا، دیرلوئر میں ہیضہ کےسب سے زیادہ 823 مریض رپورٹ کیے گئے، سوات میں 591، بونیر 319 اور باجوڑ میں ہیضہ کے 262 کیسز سامنے آئے۔

دیراپر میں 226، بٹگرام 154 اور شانگلہ میں ہیضہ کے 168 مریض رپورٹ ہوئے، ایبٹ آباد میں 3، مانسہرہ 39، صوابی 18 اور تورغر میں ہیضہ کے 13 مریضوں کا علاج کیا گیا، شانگلہ میں ملیریا کے 80، دیر لوئر 16، سوات 14، تورغر 11 اور دیراپر میں 2 کیس رپورٹ ہوئے۔

دستاویز کے مطابق صوابی میں ڈینگی کے 8 ، دیرلوئر 6 اور باجوڑ میں ایک ایک کیس سامنے آیا، تورغر میں 172، دیرلوئر میں 125، بونیر میں 117، شانگلہ میں 128، بٹگرام میں 83 مریض رپورٹ ہوئے۔

باجوڑ میں جلدی امراض کے 4 اور دیرلوئر میں ایک مریض رپورٹ ہوا، سیلاب زدہ علاقوں میں نزلہ ، زکام اور سانس کی بیماریاں بھی پھیلنے لگیں، متاثرہ 9 اضلاع میں مجموعی طور پر 2 ہزار 245 مریض رپورٹ ہوئے۔

دستاویز کے مطابق ایک ہزار 413 مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی، دیرلوئر میں 736، سوات 703، شانگلہ 359، بٹگرام 217 اور صوابی میں 103 مریض سامنے آئے۔

سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ سانپ اور کتے کے کاٹنے کی ویکیسنز متاثرہ علاقوں میں بھجوا دی ہیں، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں نفسیاتی امراض میں اضافہ ہوا ہے۔