برطانیہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کا اعلان

Published On 22 August,2025 02:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانیہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 1.33 ملین پاؤنڈ (تقریباً 60 کروڑ روپے) کی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس امداد سے پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے 7 متاثرہ اضلاع میں 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کو سہولت فراہم کی جائے گی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانوی تعاون سے متاثرہ کمیونٹیز کو فوری مدد پہنچائی جا رہی ہے، جس میں خشک راشن کی فراہمی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، نہری نظام کی مرمت اور کھیتی باڑی کیلئے معاونت شامل ہے۔

اب تک 2,400 مقامی رضاکاروں کو سرچ اینڈ ریسکیو کی تربیت دی جا چکی ہے، جن میں سے 25 رضاکار چارسدہ سے ریسکیو 1122 کی مدد کیلئے بونیر پہنچ چکے ہیں، کئی علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپس قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ ان جگہوں پر بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں جہاں کلینکس کو نقصان پہنچا ہے۔

علاوہ ازیں متاثرہ خاندانوں کو خیمے، راشن، گھریلو سامان اور خواتین کیلئے ڈگنٹی کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں، اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے (UNOCHA) کے کوآرڈینیٹرز امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ امداد تیزی اور مؤثر طریقے سے تقسیم ہو سکے۔