لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی ملک میں دوسری لہر آنے کے بعد شوبز شخصیات وباء کی زد میں آنے لگیں، اداکار عثمان خان اور ماڈل فروا علی کاظمی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈراما سیریل ’ثبات‘ اور ’انا‘میں بہترین اداکاری کرکے داد سمیٹنے والے اداکار عثمان مختار نے انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے مداحوں کو بتایا کہ ان کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
عثمان مختار نے لوگوں سے اپنی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے لوگوں کو خود کی حفاظت کرنے کی تلقین بھی کی۔
دوسری طرف حال ہی میں پاکستانی ماڈل فروا علی کاظمی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے خود سے رابطے میں رہنے والے افراد کو قرنطینہ میں جانے کی درخواست بھی کی ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، گزشتہ ہفتے میں مجھ سے رابطے میں رہنے والے افراد خود کو قرنطینہ کرلیں۔
فروا علی کاظمی نے مزید لکھا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے علامات کو غلطی سے فلو سمجھتے ہوئے نظرانداز کیا تھا، انہوں نے اپنے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
ایک اور انسٹا سٹوری میں انہوں نے لکھا کہ وہ تمام افراد جنہیں کھانسی، جسم میں اور سر میں درد ہے لیکن بخار نہیں ہے، برائے کرم اپنا ٹیسٹ کروائیں۔
ماڈل فروا علی نے لکھا کہ انہوں نے یہ سوچ کر ٹیسٹ کرانے میں تاخیر کی کہ یہ موسمی زکام ہے لیکن ایسا نہیں تھا۔
اس کے بعد انہوں نے خود میں کورونا وائرس کی علامات کی فہرست بھی بتائی جس میں مائگرین (درد شقیقہ)، جسم میں شدید درد، متلی ہونا اس کے ساتھ ساتھ ذائقے، سونگھنے کی حس اور بھوک میں کمی بھی شامل ہے۔