اداکار گووندا اور سونیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی خبروں کی تردید

Published On 24 August,2025 08:39 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سونیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی خبریں ایک بار پھر گردش میں ہیں، تاہم اداکار کے منیجر ششی سنہا نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد اور پرانی باتوں پر مبنی قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ششی سنہا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سونیتا آہوجا نے اگرچہ کچھ وقت قبل عدالت میں دستاویزات جمع کرائی تھیں، لیکن یہ معاملہ ابتدائی مراحل میں ہی نمٹا لیا گیا تھا اور اب دونوں کے تعلقات معمول پر آ چکے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ”نہیں، یہ کسی شرارتی انسان کی کارستانی ہے، یہ بہت پرانا معاملہ ہے، اب کچھ نیا نہیں ہے، طلاق جیسا کچھ نہیں ہونے والا، سب کچھ بہتر ہو رہا ہے، سب کچھ ٹھیک ہے، جلد ہی سب کو خوشخبری ملے گی۔“

منیجر کا کہنا تھا کہ پرانی خبروں کو دوبارہ نیا رنگ دے کر پھیلایا جا رہا ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں ایسا کوئی نیا واقعہ پیش نہیں آیا، یہ وہی پرانا کیس ہے جو پہلے ہی حل ہو چکا ہے، میڈیا میں لوگ پرانی باتوں کو نیا رنگ دے کر پیش کرتے ہیں۔ میں روزانہ اس بارے میں کالز وصول کر رہا ہوں، مگر سب ٹھیک ہے، ہم جلد میڈیا میں اس کی باقاعدہ تصدیق کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا ”کیا آپ نے گووندا کو خود اس بارے میں کچھ کہتے سنا؟ فلم انڈسٹری اور میڈیا میں کچھ لوگ چھوٹی موٹے جھگڑوں اور غلط معلومات کا فائدہ اٹھاتے ہیں، کوئی بدنیت یا احمق انسان اس تنازع کو استعمال کر رہا ہے۔“

انہوں نے کہا کہ گووندا عدالت میں پیش ہوئے ہیں نہ ہی سنیتا عدالت گئی ہیں، سوائے ایک بار کے جب کیس فائل کیا گیا تھا، جوڑا فی الحال بچوں کی شادی اور کیریئر پر توجہ دے رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سال فروری میں بھی سونیتا کے علیحدگی کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے قانونی دستاویزات بھی جمع کرا دی ہیں۔